Menu
اگر تم انسانوں کو بدلنا چاہتے ہو۔۔۔
(ندائے خلافت - 2025 | شمارہ نمبر 07)۔
اگر تم کہ انسان ہو،انسانوں کو بدلنا،اور ارواح و قلوب کے عوالم روحانیہ کو منقلب کردینا چاہتے ہو،تو یاد رکھو کہ جب تک تم انسان ہو،ایسا نہیں کرسکتے،کیونکہ انسانوں کو اس کی قدرت نہیں دی گئی۔البتہ اگر تم اپنے اندر قوت الٰہی پیدا کرلو،اگر اپنی جماعت کے اندر اس کار فرمائے حقیقی کا ایک گھر بنالو،تمہاری صداؤں کی جگہ تمہارے اندر سے اُس کی آواز نکلنے لگے،تمہاری آنکھوں کے حلقوں سے تمہاری نظروں کی جگہ اُس کی نگاہیں ہوجائیں،تو پھر تمہاری صدائے دعوت ایک سیلابِ انقلاب ہوگی،جس کو دنیا کی کوئی طاقت نہ روک سکے گی۔تمہاری زبانوں سے جو کچھ نکلے گا،وہ دلوں اور روحوں پر نقش ہو جائے گا اور پھر نہ زمین کا پانی اُسے دھوسکے گا،اور نہ آسمان کی بارش اُسے محوکر سکے گی۔تمہاری تعلیم،بیچ اور پھل دونوں اپنے ساتھ لائے گی اور تم گو چپ رہوگے،لیکن تمہاری خاموشی کی ایک ایک صدائے عمل پر کروڑوں ہستیاں اپنے دلوں کو ہتھیلیوں پر رکھ کر پیش کریں گی۔تمہاری آنکھوں سے جب شرارے نکلیں گے تو دنیا میں کس کی آنکھ ہوگی جو اس سے دوچار ہوسکے؟تمہاری زبانوں سے جب لسانِ الٰہی کی صدائے دعوت اُٹھے گی،تو اللہ کی آواز کو سن کر اُس کی کون سی مخلوق ہے جو لبیک نہ کہے گی؟

(مولانا ابوالکلام آزاد)

Related Media