Menu
ایمان اور اُمید
(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 35)۔

مومن کو جن ذرائع سے اطمینان ِ قلب حاصل ہوتا ہے،ان میں سے ایک کا نام اُمید ہے۔یہ وہ احساس ہے جو زندگی کی شب تاریک کو منور کرتا ہے اور زندگی کی خوفناک اور پُر پیچ گزر گا ہوں میں انسان کو عمل کی صاف سیدھی شاہراہ دکھا تا ہے۔شجرِ زندگی کو اس سے بالید گی ملتی ہے۔تمدن کا عظیم الشان قلعہ اپنی تعمیر کے لئے اس کامرہونِ منّت ہے اور اسی کی بدولت سعادت و خوش بختی کا مزہ قائم رہتا ہے

امید انسان میں عمل کا داعیہ پیدا کرتی ہے اور مداومت ِ عمل پر اُسے اُبھارتی ہے۔کاہل کو چُست اور چُست کو اور زیادہ سرگرم عمل بنا دینا اس کا ادنیٰ کرشمہ ہے۔کسان کو جو چیز دِن رات کھیت میں خون پسینہ ایک کرنے پر مجبور کرتی ہےوہ اچھی فصل کی امید ہے۔تاجر خطرناک سفر اختیار کرتا ہے تو نفع کی امید پر۔طالب علم کھبی محنت نہ کرتا اگر اُسے کامیابی کی امید نہ ہوتی۔ایک سپاہی اگر شجاعت و جوانمردی کا بھرپور مظاہرہ کرتا ہے تو اس کا محرک فتح و ظفر مندی کی امید کے علاوہ اور کیا ہوتا ہے۔مریض کڑوی کسیلی دوائیں خوشی خوشی کھالیتا ہے تو اس کی وجہ بھی صحت یاب ہونے کی امید ہے۔ٹھیک اسی طرح ایک بندۂ مومن اگر خواہش نفس کی مخالفت اور اپنے پروردگار کی ہر حالت میں اطاعت کرتا ہے تو اس عمل کے پیچھے بھی یہ امید ہی کا ر فرماہوتی ہے کہ اسے اپنے پروردگار کی رضا اور خوشنودی حاصل ہوگی ‘ اور وہ اس کے انعامات ِ فراداں کا مستحق ٹھہرے گا۔جس طرح یا س اور کفرلازم و ملزوم ہیں اسی طرح اُمید اور ایمان بھی متلازم ہیں‘چناچہ ایک ایماندار سب سے زیادہ پُر امید ہوتا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ایمان نام ہی اُس اعلیٰ اورعظیم طاقت کو تسلیم کرنے کا ہے جو اس کائنات کا انتظام کررہی ہے‘ جس سے کوئی چیز مخفی نہیں اور جو کسی کام سے عاجز نہیں۔ایسی ہستی کو ماننے والا ‘جو ہر مجبور ومضطر کی پکار سنتی ہے ‘جواب دیتی اور اس کی مصیبت کو دور کرنے کی پوری پوری صلاحیت رکھتی ہے ‘نہ امید کیسے ہو سکتا ہے۔

ایمان اور زندگی (علامہ یوسف القرضاویؒ)

Related Media