Menu
داعی کی ذمہ داری
(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 33)۔

جہاں تک داعیٔ حق کا تعلق ہے وہ اس مسئلہ پر بالکل غور نہیں کرتا،اور نہ اُسے غور کرنا چاہیے کہ لوگ اُس کی دعوت پر کان دھریں گے یا نہیں اور نہ اس فکر میں وہ سرکھپائے،اور نہ اُس کو سر کھپانا چاہیے کہ زمانہ اس کی دعوت کے لیے سازگار ہے یا نا ساز گار ۔وہ لوگوں کے ردّو قبول،اپنی کوششوں کی کامیابی اور ناکامی اور دعوت ِ حق کے انجام کے متعلق ایک بار یہ فیصلہ کرلے کہ اس امر کا تعلق اُس کی ذات سے نہیں ہے،بلکہ اللہ تعالیٰ کی ذات سے ہے،بالکل مطمئن ہوجاتا ہے۔وہ صرف اس بات پر غور کرتا ہے کہ خود اس کا اپنا فرض کیا ہے اور جب یہ طے کرلیتا ہے کہ وہ اس مقصد کی دعوت دے جس کو وہ حق یقین کررہا ہے اور جو اس کے خیال میں تمام دنیا کے لیے یکساں مفید ہے،تو یہ طےکر چکنے کے بعد وہ اس تردد میں نہیں پڑتا کہ لوگ اس کی دعوت کو قبول کرنے کے بارے میں اپنا فرض پورا کریں گے یا نہیں اور اللہ تعالیٰ اس دعوت کو دنیا میں برپا کرے گا یا نہیں۔

جہاں تک لوگوں کے ردّو قبول کا تعلق ہے وہ اس کی دعوت کو قبول کریں یا نہ کریں ،دونوں صورتوں میں اُس کی ذمّہ داری بد ستور قائم رہتی ہے۔اگر وہ قبول کریں گے تو اُن کے لیے دنیا اور آخرت میں کامیابی اور فلاح کی راہیں کھلیں گی اور یہ اللہ تعالیٰ کے ہاں ادائےفرض و دعوت کا اجر و ثواب حاصل کرے گا، اور اگر نہ قبول کریں گے تو اس کے ذریعہ سے لوگوں پر اللہ کی حجّت پوری ہوگی اور داعی اللہ کے ہاں اپنی ذمّہ داری سے سبکدوش قراردیا جائے گا کہ اُس کا جو فرض تھا، اُس نے پورا کردیا۔

امین حسن اصلاحی (دعوتِ دین)

Related Media