Menu
خطرناک طرز معاشرت : دودھاری تلوار
(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 34)۔

حضرت شاہ ولی اللہ ؒ کی رائے یہ ہے کہ سونے اور چاندی کے انباروں سے زیادہ خطرناک وہ طرزِ معاشرت ہے جو امیر و غریب میں امتیاز قائم کرکے غریب کے دل میں سرمایہ داری کی ہوس اور شاہ پرستی کا شوق پیدا کرتی ہے۔سونے چاندی کے برتن ،زرق برق ریشمی لباس،فیشن اور تکلّفات،دولت مندوں کے دماغوں میں کبر و غرور اور تصوّرِ برتری پیدا کرتے ہیں۔اس سے ناداروں کے دلوں میں حرص و طمع کی وہ خواہش پیدا ہوتی ہے جو ان کو زیادہ رشوت ستانی،چوری،خیانت،استحصال بالجبر ااور عصمت فروشی وغیرہ پر آمادہ کردیتی ہے۔غرض سماجی زندگی کےبیش قیمت تکلّفات،سرمایہ داری اور شاہ پرستی کے وہ زہریلے جراثیم ہیں کہ جب تک نظام ان کی اجازت دیتا رہے گا،سرمایہ داری کی جڑیں مضبوط ہوتی رہیں گی ، دوسری طرف نادار اور حریص لوگوں میں جرائم کی عادت بڑھتی رہے گی۔(گویا یہ ایک دودھاری تلوارکا کام کرے گی)شاہ صاحب ؒ ایک طبقے کی ایسی خوشحالی کو جو اِن تکلفات سے مُرصّع (مزیّن) ہو جس سے اقتصادی توازن بگڑے ’’رفاہیت بالغہ‘‘ سے تعبیر کرتے ہیں اور سوسائٹی کے لیے اس کو بدترین جرم اور اس کے خلاف جنگ کو مقدس جہاد قرار دیتے ہیں۔شاہ صاحب ؒ کی تصانیف’’رفاہیتِ بالغہ‘‘ کی مذمت سے بھری ہوئی ہیں۔

مولانا عبید اللہ سندھیؒ (شاہ ولی اللہؒ اور اُن کا فلسفہ)

Related Media