(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 30)۔
’شریعت‘ ہمارے لیے انہی چیزوں کو بھلائی قرار دیتی ہے جو اللہ کی بنائی ہوئی فطرت کے مطابق ہیں اور انہی چیزوں کو برائی قرار دیتی ہے جو اس فطرت سے موافقت نہیں رکھتیں۔وہ بھلائیوں اور برائیوں کی محض ایک فہرست ہی بنا کر ہمارے حوالے کردینے پر اکتفا نہیں کرتی بلکہ زندگی کی پوری اسکیم ایسے نقشے پر بناتی ہے کہ اس کی بنیادیں معروف (بھلائیوں) پر قائم ہوں اور معروفات اس پر پروان چڑھ سکیں۔اور منکرات کو اس کی تعمیر میں شامل ہونے سے روکا جائے اور نظام زندگی میں ان کے در آنے اور ان کا زہر پھیلنے کے مواقع باقی نہ رہنے دیئے جائیں۔اس غرض کے لیے وہ معروفات کے ساتھ ان اسباب اور ذرائع کو بھی اپنی اسکیم میں شامل کرتی ہے جن سے وہ قائم ہوسکتے اورپروان چڑھ سکتے ہیں اور ان موانع کو ہٹانے کا انتظام بھی تحویز کرتی ہے جو معروفات کے قیام اور نشونما میں کسی طور پر سد راہ ہوسکتے ہیں۔اس طرح اصل معروفات کے ساتھ ان کے قیام و ترقی کے و سائل بھی معروف شمار ہو جاتے ہیں،،اور ان کے موانع منکرات کی فہرست میں شامل کردیئے جاتے ہیں۔یہی معاملہ منکرات کے ساتھ بھی ہے۔اصل منکرات کے ساتھ دو چیزیں بھی منکرر قرار پاتی ہیں جو کسی منکر کے وقوع یا ظہور یا نشونما کا ذریعہ ہیں۔معاشرے کے پورے نظام کو شریعت اس طرز پر ڈھالتی ہے کہ ایک معروف اپنی حقیقی صورت میں قائم ہو۔زندگی کے تمام متعلقہ شعبوں میں اس کا ظہور ہو۔ہر طرف سے اس کو پروان چڑھنے اور قائم ہونے میں مدد ملے۔اور ہر وہ رکاوٹ دور کی جائے جو کسی طرح سے اس کی راہ میں حائل ہو سکتی ہو۔اسی طرح ایک ایک منکر کو چن چن کر زندگی سے نکالا جائے۔ اس کی پیدائش اور نشونما کے اسباب روکے جائیں۔جدھر جدھر وہ زندگی میں گھس سکتا ہے،اُس کا راستہ بند کیا جائے۔
اور اگر وہ سراٹھاہی لے تو سختی کے ساتھ اسے دبا دیا جائے۔
پروفیسر خورشید احمد (اسلامی نظریۂ حیات)