Menu
پاکستان کی بقا کی بنیاد : اسلام
(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 29)۔

پاکستان کے مسلمانوں میں مقاصد کی یکجہتی اور ہم آہنگی صرف مسلم قومیت کے تصور اور محض قوم پرستانہ جذبے کی بنیاد پر پیدا نہیں ہوسکتی ‘بلکہ انہیں کوئی شے’’بنیان مرصوص ‘‘ (یعنی سیسہ پلائی ہوئی دیوار) بناسکتی ہے تو صرف وہ مذہبی جذبہ ہوسکتا ہے جو اسلام کے ساتھ حقیقی تعلق اور کردارو عمل کے واقعی رشتے سے پیدا ہو اور اُسی سے غذا حاصل کرے ااور نشونما پائے۔

اُس مذہبی جذبے کے بارے میں جو پاکستان کے بقاء استحکام کے لیے ٹھوس بنیاد بن سکے‘دوسری اہم اور بنیادی بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ یہ جذبہ اسلام کی کسی جدید دانشورانہ تعبیرکے ذریعے پیدا نہیں کیا جاسکتا‘ بلکہ اُس کے لیے اسلام کی صرف وہی تعبیر موثر اور کارگر ہوگی جو صدیوں کے تعامل اور ’’ روایت‘‘ کی بنا پر مسلمانوں کے ’’ اجتماعی شعور‘‘(COLLECTIVE CONSCIOUSNESS) کا جزولاینفک بن چکی ہے۔

ہم ایک ایسے جذبے کی بات کر رہے ہیں، جو عوام میں ذہنی ‘ فکری اور جذباتی ہم آہنگی پیدا کرے اور اُن کو محنت و مشقت اور ایثار و قربانی پر آمادہ (MOTIVATE) کر سکے اور ظاہر ہے کہ یہ مقصد کسی جدید تعبیر کے ذریعے حاصل نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس کی پیدائش و افزائش کا کوئی امکان اگر ہے تو دین و مذہب کے صرف اور صرف اُن تصورات اور تعبیرات کی بنا پر ہے جن کی اسلامیت ‘ نہ صرف یہ کہ مسلمان عوام کے اجتماعی شعور کے نزدیک مُسلم اور قابلِ قبول ہو بلکہ ان کے تحت الشعور میں رچی بسی ہو حتی کہ اُن کےلا شعور میں نفوذ کیے ہوئے ہو۔اور اس میں ہر گز کوئی شک و شبہ کی گنجائش نہیں ہے کہ یہ تعبیرات اور تصورات وہی ہوسکتے ہیں جنہیں علماء کی تصدیق حاصل ہو‘ایسے علماء جن پر دین و مذہب کے معاملے میں مسلمان عوام کی عظیم اکثریت اعتماد کرتی ہے۔

ڈاکٹر اسرار احمد ؒ (استحکام پاکستان)

Related Media