(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 25)۔
ارشاد باری تعالیٰ ہے:’’مومنو! کسی غیر (مذہب کے آدمی) کو اپنا رازدار نہ بنانا‘ یہ لوگ تمہاری خرابی (اور فتنہ انگیزی) کرنے میں کسی طرح کی کوتاہی نہیں کرتے اور چاہتے ہیں کہ (جس طرح بھی ہو) تمہیں تکلیف پہنچے۔ان کی زبانوں سے تو دشمنی ظاہر ہوچکی ہے اور جو ( کینے) ان کے سینوں میں مخفی ہیں وہ کہیں زیادہ ہیں۔اگر تم عقل رکھتے ہو تو ہم نے تم کو اپنی آیتیں کھول کھول کر سنادی ہیں۔دیکھو‘ تم ایسے (صاف دل) لوگ ہو کہ ان لوگوں سے دوستی رکھتے ہو‘ حالانکہ وہ تم سے دوستی نہیں رکھتے اور تم سب کتابوں پر ایمان رکھتے ہو (اور وہ تمہاری کتاب کو نہیں مانتے)اور جب تم سے ملتے ہیں تو کہتے ہیں‘ہم ایمان لے آئے ہیں اور جب الگ ہوتے ہیں تو تم پر غصے کے سبب انگلیاں کاٹ کاٹ کر کھاتے ہیں۔(ان سے)کہہ دو کہ (بد بختو) غصے میں مرجاؤ۔اللہ تمہارے دلوں کی باتوں سے خوب واقف ہے۔اگر تمہیں آسود گی حاصل ہو تو ان کو بُری لگتی ہے اور اگر رنج پہنچے تو خوش ہوتے ہیں اور اگر تم تکلیفوں کی برداشت اور ( ان سے) کنارہ کشی کرتے رہو گے تو ان کا فریب تمہیں کچھ بھی نقصان نہ پہنچا سکے گا۔یہ جو کچھ کرتے ہیں اللہ اس پر احاطہ کئے ہوئے ہے۔‘‘(آل عمران:118تا 120)
مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ ان اہلِ کتاب کو اپنا راز دار نہ بنائیں ‘کیونکہ ان اہلِ کتاب کی تو کیفیت یہ ہے کہ یہ تو مسلمانوں کی تکلیف و پریشانی کی آس لگائے بیٹھے رہتے ہیں‘ زبانوں سے نفرت کی چنگاریاں نکلتی اور سینے غم و غصے سے کھولتے رہتے ہیں۔حد یہ ہے کہ جنون غیظ و غضب میں اپنی انگلیاں تک کا ٹے لیتے ہیں۔ہاں اگر مسلمانوں پر کوئی مصیبت آجائے اور انہیں کوئی تکلیف پہنچے تو پھر بڑے خوش ہوتے ہیں۔مگر اللہ سبحانہ و تعالیٰ اپنے مومن بندوں کو دشمنوں کے مکرو فریب سے محفوظ رکھتا ہے‘اور اگر مومنین صبر و تقویٰ کی راہ اختیار کریں تو اللہ تعالیٰ انہیں ہر خطرے سے بے پرواہ کردیتے ہیں۔
یہ طویل اور مفصل ہدایت اس بات پر روشنی ڈالتی ہے کہ ابتدائے اسلام میں اسلامی جماعت اہلِ کتاب کی طرف سے کس قسم کی دسیسہ کاریوں کا شکار تھی اور فریب دہی سے مسلمانوں کو کس قدر اذّیت برداشت کرنی پڑ رہی تھی ‘ جس کی بنا ء پر قرآن نے ان سے بالکیہ مقاطعے کا حکم دے دیا اور مسلمانوں کو جاہلی دور کے تمام گزشتہ روابط توڑڈالنے کی ہدایت کردی ۔یہ ہدایت ہر دور کے مسلمانوں کے لیے ہے‘ کیونکہ مسلمانوں کے دشمن ہر دور میں ایک ہی ہیں‘ صرف ان کی دُشمنی کے طریقے بدلتے ہیں دُشمن نہیں بدلتے!
سید قطب شہیدؒ (فی ظلالِ القرآن)