Menu
دینِ فطرت، دینِ قیم!۔
(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 22)۔

اگر عالم بشریت کا مقصد اقوام انسانی کا امن ‘ سلامتی اور ان کی موجودہ اجتماعی ہئیتوں کو بدل کر ایک واحد اجتماعی نظام بنانا قرار دیا جائے تو سوائے نظام اسلام کے کوئی اور اجتماعی نظام ذہن میں نہیں آسکتا۔جو کچھ قرآن مجید سے میری سمجھ میں آیا ہے‘ اس کی رو سے اسلام محض انسان کی اخلاقی اصلاح ہی کا داعی نہیں بلکہ عالم بشریت کی اجتماعی زندگی میں ایک تدریجی مگر اساسی انقلاب بھی چاہتا ہے،جو اس کے قومی اور نسلی نقطۂ نگاہ کو یکسر بدل کر اس میں خالص انسانی ضمیر کی تخلیق کرے۔تاریخ ادیان اس بات کی شاہد عادل ہے کہ قدیم زمانے میں ’’دین‘‘ قومی تھا‘ جیسے مصریوں‘یونانیوں اور ہندیوں کا۔بعد میں نسلی قرار پایا جیسے یہود یوں کا۔مسیحیت نے یہ تعلیم دی کہ دین انفرادی اور پرائیوٹ ہے،جس سے بدبخت یورپ میں یہ بحث پیدا ہوئی کہ دین چونکہ پرائیوٹ عقائد کا نام ہے،اس لیے انسانوں کی اجتماعی زندگی کی ضامن صرف ’’اسٹیٹ‘‘ ہے۔

یہ اسلام ہی تھا جس نے بنی نوع انسان کو سب سے پہلے یہ پیغام دیا کہ دین نہ قومی ہے ‘نہ نسلی ہے‘ نہ انفرادی اور پرائیوٹ بلکہ خالصتاًانسانی ہے ،اور اس کا مقصد باوجود تمام فطری امتیازات کے عالم بشریت کو متحد و منتظم کرنا ہے۔ایسا دستور العمل قوم اور نسل کی بنیاد پر بنایا نہیں جاسکتا،نہ اس کو پرائیوٹ کہہ سکتے ہیں بلکہ اس کو صرف معتقدات پر ہی مبنی کہا جاسکتا ہے۔صرف یہی ایک طریق ہے جس سے عالم انسانی کی جذباتی زندگی اور اس کے افکار میں یک جہتی اور ہم آہنگی پیدا ہوسکتی ہے جو ایک اُمّت کی تشکیل اور اس کی بقا کے لیے ضروری ہے۔

’’اُمّت ِ مسلمہ‘‘ جس دین فطرت کی حامل ہے اس کا نام ’’دین قیم‘‘ ہے۔دین قیم کے الفاظ میں ایک عجیب و غریب لطیفۂ قرآنی مخفی ہے،اور وہ یہ کہ صرف دین ہی مقوْم ہے اس گروہ کے امور ِ معاشی اور معادی کا جو اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی اس نظام کے سپرد کردے۔بالفاظِ دیگر یہ کہ قرآن کی رُو سے حقیقی تمدنی زندگی یا سیاسی معنوں میں ’’قوم‘‘ دین اسلام ہی سے ’’تقویم‘‘ پاتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ قرآن صاف صاف اس حقیقت کا اعلان کرتا ہے کہ کوئی دستور العمل جو غیر اسلامی ہو،نا مقبول اور مردود ہے۔

علامہ محمد اقبال (اقبال اور پیام حریت)

Related Media