(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 21)۔
’ شریعت ‘ ہمارے لیے اُنہی چیزوں کو بھلائی قرار دیتی ہے،جو اللہ کی بنائی ہوئی فطرت کے مطابق ہیں اور اُنہی چیزوں کو برائی قراردیتی ہے جو اس فطرت سے موافقت نہیں رکھتیں۔وہ بھلائیوں اور برائیوں کی محض ایک فہرست ہی بنا کر ہمارے حوالے کردینے پر اکتفا نہیں کرتی بلکہ زندگی کی پوری اسکیم ایسے نقشے پر بناتی ہے کہ اس کی بنیادیں معروف (بھلائیوں) پر قائم ہوں اور معروفات اس پر پروان چڑھ سکیں۔اور منکرات کو اس کی تعمیر میں شامل ہونے سے روکا جائے اور نظام زندگی میں ان کے درآنے اور ان کا زہر پھیلنے کے مواقع باقی نہ رہنے دیئے جائیں۔اس غرض کے لیے وہ معروفات کے ساتھ ان اسباب اور ذرائع کو بھی اپنی اسکیم میں شامل کرتی ہے جن سے وہ قائم ہوسکتے اور پروان چڑھ سکتے ہیں اور ان موانع کو ہٹانے کا انتظام بھی تجویز کرتی ہے جو معروفات کے قیام اور نشونما میں کسی طور پر سدراہ ہوسکتے ہیں۔اس طرح اصل معروفات کے ساتھ ان کے قیام و ترقی کے وسائل بھی معروف شمار ہوجاتے ہیں،اور ان کے موانع منکرات کی فہرست میں شامل کردئیے جاتے ہیں۔یہی معاملہ ،منکرات کے ساتھ بھی ہے۔اصل منکرات کے ساتھ وہ چیزیں بھی منکرقرار پاتی ہیں جو کسی منکر کے وقوع یا ظہور یا نشونما کا ذریعہ ہیں۔معاشرے کے پورے نظام کو شریعت اس طرز پر ڈھالتی ہے کہ ایک ایک معروف اپنی حقیقی صورت میں قائم ہو۔زندگی کے تمام متعلقہ شعبوں میں اس کا ظہور ہو۔ہر طرف سے اس کو پروان چڑھنے اور قائم ہونے میں مدد ملے اور ہر وہ رکاوٹ دور کی جائے جو کسی طرح سے اس کی راہ میں حائل ہوسکتی ہو۔اسی طرح ایک ایک منکر کو چن چن کر زندگی سے نکالا جائے۔اس کی پیدائش اور نشونما کے اسباب رو کے جائیں ۔
جدھر جدھر وہ زندگی میں گھس سکتا ہے، اس کا راستہ بند کیا جائے۔
اور اگر وہ سر اُٹھا ہی لے تو پھر سختی کے ساتھ اسے دبا دیا جائے۔
اسلامی نظریۂ حیات (پروفیسر خورشید احمد)