(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 20)۔
دعوتِ حق اور تحریکِ اسلامی کے کارکنوں کا کام بالکل ایک کسان کا سا ہوتا ہے۔
ایک مدّت کھیتی کو تیار کرنے پر صرف ہوتی ہے،پھر اسے سینچنا ہوتا ہے،پھر اس میں بیج ڈالنا ہوتا ہے،پھر اس کے گرد باڑ کھڑی کرنی ہوتی ہے،پھر اس کی نلائی اور گوڈی کرنی ہوتی ہے،اور پھر صبر سے اُس اجل مسمّٰی کا انتظار کرنا ہوتا ہے،جب کہ وہ اپنا حاصل دے۔اگر کسان بے صبرا ہو اور ہل جو تنے کے ساتھ ہی زمین سے مطالبہ کرے کہ لا فصل دے،یا بیج ڈالنے کے ساتھ ہی اس سے معاوضۂ محنت طلب کرے،تو زمین اُسے مایوسی و نامرادی کے سوا اور کچھ نہ دے سکے گی!ایسے ہی اقامتِ دین کی جدوجہد کرنے والوں کو انسانی تمدن و سیاست کی کھیتی پر لمبے صبر کے ساتھ محنت کرنی ہوتی ہے اور نتائج کے لیے اجل مسمّٰی کا انتظار پورے سکون سے کرنا پڑتا ہے،تب کہیں جاکے کچھ حاصل پلے پڑتا ہے۔ورنہ اگر بے صبری کا یہ عالم ہوکہ ادھر آپ بیج ڈال کے فارغ ہوئے،ادھر آپ بورئے خُرجیاں لے کے پہنچ گئے کہ بس اب پھلوں اور غلے کو گھر پہنچانا ہے،تو ظاہر بات ہے کہ پھلوں اور غلے کا تو کیا سوال،وہاں تو کھیتی میں کوئی کونپل بھی پھوٹتی ہوئی نظر نہ آئے گی۔ایسا بے صبراکسان بددل اور مایوس ہی تو ہوگا۔۔۔۔۔اسی لیے اللہ نے تحریک حق کے کارکنوں کے لیے صبر سے محنت کرنے کو لازم ٹھرایا ہے۔
نعیم صدیقیؒ (ترجمان القرآن دسمبر1949ء)
|