(ندائے خلافت - 2026 | شمارہ نمبر 18)۔
اسلامی فلسفۂ زندگی اور اسلامی قانون و احکام دنیا کے لیے نعمت غیر مترقبہ ہیں،جنہیں اپنا کردنیا کے تمام غموں سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے اور صرف آخرت ہی نہیں،اس زندگی کو بھی رشک بنایا جاسکتا ہے۔قرآن و سنت سے دوری کی وجہ سے صرف مسلمان ہی اس کی خیرو برکت سے محروم نہیں ہوئے بلکہ پوری انسانیت اس چشمہ حیات کے فیوض و برکات سے محروم ہوگئی۔حج کی صورت میں مسلمانوں کا عظیم الشان اجتماع مقرر ہواتاکہ دور دراز کے مسلمان ،عوام و خواص مختلف رنگوں،نسلوں ،زبانوں کے بولنے والے ،مختلف الانواع تہذیب و ثقافت،تمدن کے حامل ،مگر ایک دین کے پیروکار اس عالمی اجتماع میں ایک دوسرے سے ملیں۔باہمی تعارف ہو،ایک دوسرے کے مسائل و مشکلات سے آگاہ ہوں اور یہی ان کا بین الاقوامی مرکز قرار پائے۔حج ایک ایسی عبادت ہےجس میں اتحاد ،یقین اور نظم کے فوائد نہ صرف اُمّتِ مسلمہ کے لیے بلکہ تمام دنیا کے لیے پنہاں ہیں۔اس سے یقین محکم،عمل پیہم،محبت فاتح عالم کے انوار کی خیرات بٹتی ہے مگر ہم پر ایسے اندھے وبہرے حکمران اور شیطانی سائے مسلط ہیں، جن سے ہم ان انوار و برکات سے خود ہی محروم ہیں،دوسروں کو کیا دیں گے۔آج اُمّت کہاں اور کس حال میں ہے۔ہمارے حاکم ہمارے خادم ہیں یا مخدوم۔۔۔۔؟دور و نزدیک سے عوام کی آواز با اختیار لوگوں تک پہنچتی ہے یا راہوں میں ہی بھٹکتی ہے۔۔۔۔؟مظلوم کی ہر سطح پر دادرسی ہو رہی ہے یا ظالم کو تحفظ اور مظلوم کو دھتکارا جاتا ہے۔۔۔؟
آج مسلمانوں پر آمریت،ملوکیت اور جمہوری قباء میں شہنشاہیت کی بد ترین شیطانی قوتیں مسلط ہیں۔یہ ہمارا نظام ملوکیت ہے جو سامراج کے نسلی جدی پشتی غلاموں نے ہم پر مسلط کر رکھا ہے۔یہ اُن کے لیے غلام جبکہ عوام کے لیے بادشاہ بنے بیٹھے ہیں۔دعا کیجئے کہ اسلام کا نظامِ عدل ِ اجتماعی ہمارے جیتے جی قائم ہوجائے اور دنیا سے ظلم کا خاتمہ ہو اور حج و دیگر احکام شرع کے نتائج و ثمرات سے عوام کی قسمت چمک اُٹھے اور رنجیدہ چہروں پر خوشی کے انوار و رونق نمودار ہو۔
مفتی عبدالقیوم خان (فلسفہ حج و قربانی)